علی گڑھ ،07؍مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں جاری تنازعہ کے بیچ پولیس نے ہندووادی تنظیم کے دو کارکنوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا۔ تین دن پہلے یونیورسٹی کے باب سید گیٹ کے پاس طلبہ یونین رہنماؤں اور ہندووادی تنظیم کے کارکنوں کے درمیان ٹکراو ہوا تھا۔ طلبہ یونین رہنما ٹکراو کرنے والے کارکنوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اس کے لئے بہت سے طلباء دھرنے پر بھی بیٹھے رہے۔
بتا دیں کہ تنازعہ ختم کرانے کے لئے پولیس محکمہ اور طالب علم یونین کے عہدیداروں کے درمیان بات چیت ہوئی تھی۔ طلبہ یونین نے ہندو تنظیموں کے کارکنوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے بعد سول لائنز پولیس نے دو ہندو کارکنوں کو جیل بھیج دیا ہے۔ جیل بھیجے گئے کارکنوں کے نام گوسوامی اور یوگیش ہیں۔
وہیں، طلبہ یونین عہدیداران پولیس کی اس کارروائی سے مطمئن نظر نہیں آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس نے آئی ٹی ایکٹ سمیت ہلکی دفعات میں کارروائی کی ہے۔ طالب علم یونین نے دیگر ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سبھی کے خلاف سخت دفعات کے تحت کیس درج کیا جانا چاہئے۔